صحافی کی بازیابی کے لیے احتجاج،فوری بازیابی کامطالبہ

جیکب آباد،محراب پور(نمائندگان دنیا) جیکب آباداور محراب پور کے صحافیوں نے ہنگورجا کے صحافی فیاض سولنگی کے اغوا ئکے خلاف احتجاج کیا۔
جیکب آباد کے صحافیوں نے احتجاجی جلوس پریس کلب سے لاڑکانہ یونین آف جرنلسٹ کے صدر عبدالرحمن آفریدی، پریس کلب کے صدر محمد نواز سولنگی، پرویز ابڑو، برکت کھوکھر کی قیادت میں نکال کر ڈی سی چوک پر دھرنا دیا۔احتجاجی صحافیوں نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر صحافی کی بازیابی کے مطالبات درج تھے ۔ صحافیوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صحافی عدم تحفظ کا شکار ہیں ، ہنگورجا کے نجی ٹی وی کے رپورٹر فیاض سولنگی کو اغوا کرکے ڈاکوؤں نے تشدد کرنے کی ویڈیو جاری کردی ہے جو کہ افسوسناک عمل ہے ، صحافی کے اغوا پر عوام میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مظلوم عوام کے حقوق کی آواز بلند کرنے والے صحافیوں کو نشانہ بنایاجارہاہے جو حق و سچ کی آواز کو دبانے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے آئی جی سندھ سمیت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے نوٹس لیکر صحافی کو بازیاب کرانا کا مطالبہ کیا۔ محراب پور میں مغوی فیاض سولنگی کی بازیابی کے لیے محراب پور صحافی اتحاد کے صحافی بھی سراپا احتجاج بن گئے ۔سینئر صحافی عبدالمجید راہی، سرفراز نواز، شہزاد مغل، سلیم صحافی، منور ملک کی قیادت میں جناح چوک سے تھانہ تک ریلی نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ صحافیوں پر حملے ہو رہے ہیں، ابھی تک سکھر کے صحافی جان محمد مہر کے قاتل گرفتار نہیں ہوسکے ہیں کہ اب ہنگورجا کے صحافی فیاض سولنگی کو ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا۔پولیس مغوی کی بازیابی میں ناکام ہے ۔ انہوں نے مغوی صحافی کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔