پاک ایران تعلقات کا مزید فروغ ناگزیر،اسپیکرسندھ اسمبلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے قونصلیٹ جنرل آف ایران میں اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔
اس موقع پر ایرانی پارلیمنٹ کی ثقافتی کمیشن کے چار رکنی وفد نے شرکت کی۔اسپیکر سید اویس قادر شاہ کے ہمراہ ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید، رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ اور جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی وقار مہدی بھی موجود تھے ۔ تقریب کے دوران ایران اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون اور تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ایران اور پاکستان ہمسایہ ممالک کے طور پر مضبوط اور دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے لیے ضروری ہے کہ یہ تعلقات باہمی ترقی، امن، سلامتی اور استحکام کے لیے برقرار رکھے جائیں اور انہیں مزید فروغ دیا جائے ۔تقریب میں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز اور دونوں ممالک کی جانب سے اتحاد اور سلامتی کے پائیدار حل کے لیے مشترکہ ذمہ داریوں پر بھی گفتگو کی گئی۔اسپیکر نے قونصل جنرل حسن نوریان کا دعوت اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ قونصل جنرل نے اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ اور وفد کا وقت دینے پر شکریہ ادا کیا اور اسپیکر کو ان کے اعزاز میں شیلڈ بھی پیش کی۔اسپیکر نے حسن نوریان اور ایرانی وفد کو تاریخی سندھ اسمبلی کا دورہ کرنے اور صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی تاکہ دوطرفہ تعلقات اور ثقافتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا جا سکے ۔ یہ ملاقات ایران اور پاکستان کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کی تجدید کا عکاس تھی جو علاقائی تعاون اور اتحاد کے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتی ہے ۔