کام نہ کرنے والے تعصب کی عینک اتار دیں،میئر

کراچی (آن لائن)میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جو لوگ کام نہیں کررہے ہیں وہ تعصب کی عینک کو اتار کر کراچی شہر کو دیکھیں، پیپلز پارٹی کا ہر کارکن کراچی کی بہتری۔۔۔
تعمیر و ترقی کے لیے مصروف عمل ہے ، 12.4 ارب روپے کی لاگت سے حب کنال کراچی لا رہے ہیں، جس سے 4 کروڑ گیلن اضافی پانی کراچی کے عوام کو ملے گا، 1.7 ارب روپے کی لاگت سے کے تھری کی لائن لیاری ندی میں ایلیویٹڈ ڈالی جارہی ہے تاکہ پانی چوری کرنے والوں کو پکڑا جاسکے ، جی الانہ روڈ گزشتہ 15 سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا جسے آج تعمیر کرکے شہریوں کے لیے کھول دیا گیا ہے اور کراچی کے سابق میئر غلام علی الانہ کے نام سے اس سڑک کو منسوب کیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے اتوار کوسڑک کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔میئر کراچی نے کہا کہ فراہمی آب، سیوریج کے پمپنگ اسٹیشنز، پارک اور سڑکوں کی تعمیر کاکام کراچی میں ہورہاہے تو سب کو نظر آرہا ہے ، یہ سڑک جس کا آج افتتاح کیا گیا ہے لیاری کو پورٹ اور شپ یارڈ کے ساتھ ملاتی ہے ، اس سڑک کی تعمیر کے لیے لیاری کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے آج پیپلز پارٹی کی حکومت نے پورا کردیا ہے ، یہ سڑک ڈیڑھ کلومیٹر طویل ہے اور اسے چار ماہ کی مدت میں مکمل کرلیا گیا ہے ۔