نیشنل یونیورسٹی کی ٹیم کا سائٹ میں نسٹ آئیکن کا دورہ

کراچی(بزنس رپورٹر)نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کی ٹیم نے رابعہ عباس ملک (لیڈ ایڈوانسمنٹ)کی سربراہی میں سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی میں نسٹ آئیکن کا دورہ کیا اور ۔۔۔
نسٹ کے مستحق طلباء کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر نسٹ ٹیم میں عبیرہ عاطف (لیڈ پراجیکٹس)اور امیر حمزہ (لیڈ ایلومنائی ریلیشنز)تھے جبکہ سائٹ کے صدر احمد عظیم علوی، چیف کوآرڈینٹر سلیم پاریکھ، سینئر نائب صدر خالد ریاض، نائب صدر ریاض ڈھیڈھی، سابق صدر کامران عربی، سابق نائب صدر فرحان اشرفی اوررضوان لاکھانی بھی موجود تھے ۔نسٹ کے نمائندوں نے بتایا کہ مستحق طلباء کیلئے وظائف کیلئے درکار فنڈز کا تقریباً 51 فیصد کراچی کے مخیر حضرات فراہم کرتے ہیں جو کہ ملک میں سب سے بڑی حصہ داری ہے ۔ یہ کراچی کے لوگوں خاص طور پر بزنس کمیونٹی کے اخلاص کو ظاہر کرتا ہے جو تعلیم و صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے اور ان تک غریب طبقے کی رسائی کو آسان بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ صدر احمد عظیم علوی نے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر مستحق طلباء کو مفت اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے میں نسٹ کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے نسٹ ٹیم کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سائٹ ایریا اور کراچی کی صنعتوں کو درپیش مسائل کو اسلام آباد کے مقتدر حلقوں کے سامنے اجاگر کرنے میں تعاون کی درخواست کی۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو کئی برسوں سے بری طرح نظر انداز کیا جا رہا ہے ،طاقتور حلقوں سے فوری توجہ کی ضرورت ہے ۔چیف کوآرڈینیٹر سلیم پاریکھ نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نسٹ کے تعاون کو سراہتے ہوئے نسٹ ٹیم کو سائٹ کی جانب سے ان کی کوششوں میں مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔