سفاری پارک حادثہ،متاثرہ نوجوان کا ہرجانے کا دعویٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سفاری پارک میں 12 برس قبل حادثے سے متاثرہ نوجوان نے پچاس لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ۔
سینئر سول جج شرقی کی عدالت میں سفاری پارک میں 2013 میں ٹرین رائیڈ حادثے میں زخمی شہری نے سفاری پارک انتظامیہ اور کے ایم سی کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد فریقین کو 11 فروری کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا ۔پیر کو وکیل درخواست گزار عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیاکہ ستمبر 2013 میں سفاری پارک میں ٹرین رائیڈ کے دوران بوگی پٹری سے اتر گئی تھی، حادثے کے نتیجے میں درخواست گزار اور انکے والد کو شدید چوٹیں آئیں، حادثے کے بعد انتظامیہ نے نجی اسپتال منتقل کیا تاہم علاج معالجے کی ادائیگی نہیں کی، نجی اسپتال نے سرجری کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے طلب کئے تھے ، علاج کی رقم نا ہونے پر درخواست گزار کے والد نے نجی اسپتال سے رخصت لیکر جناح اسپتال سے علاج کروایا، سفاری پارک انتظامیہ کی نااہلی کے باعث حادثہ پیش آیا، تحقیقات میں بھی ثابت ہوا کہ ٹرین رائیڈ کی باقاعدہ مینٹی ننس نہیں کی جاتی تھی، حادثے کے وقت درخواست گزار کی عمر 7 سال تھی،حادثے کے باعث درخواست گزار کی تعلیم بھی متاثر ہوئی، سفاری پارک انتظامیہ اور کے ایم سی سے پچاس لاکھ روپے بطور ہرجانہ دلوایا جائے ۔