اساتذہ طالب علموں کو آئی ٹی کی تعلیم دیں، امین الحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر سید امین الحق نے ادارہ اُم القرٰی کی سالانہ تکمیل حفظِ قرآن کی پروقار تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کا انعقاد ادارے کے زیر اہتمام کیا گیا۔۔
جس میں حضرت مولانا شمس الرحمان، جے یو آئی ایف کے رہنما قاری عثمان، علماء کرام ،طلبہ، والدین، اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سید امین الحق نے اپنے خطاب میں حفظِ قرآن کی اہمیت اور اس عظیم سعادت کے حصول پر بچوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ادارہ اُم القرٰی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے نوجوان نسل کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سید امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان تعلیم کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور دینی و عصری تعلیم کی ترقی کے لیے ہر سطح پر تعاون جاری رہے گا۔ اساتذہ کرام طالب علموں آئی ٹی کی بھی تعلیم دیں، طلباء اے آئی بلاک چین میں بھی مہارت حاصل کریں، تقریب کے اختتام پر حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی اور انہیں اسناد پیش کی گئیں۔ اس موقع پر خصوصی دعا بھی کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ان طلبہ کو قرآن کی روشنی سے اپنی زندگیوں کو منور کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔