نیاسال ڈکیتی کی سب سے بڑی واردات
کراچی (رپورٹ:آغا طارق )شہر قائد میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات، 5 مسلح ڈاکو 95لاکھ روپے اورسونا لوٹ کر فرار ہو گئے ، واقعے کا مقدمہ اسٹیل ٹاؤن تھانے میں درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو رواں سال 2025 کی کراچی میں سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے ۔ڈاکو گلشن حدید فیز ٹو میں 5مسلح ڈاکوصبح 4بجے شوروم کے مالک کے گھر میں داخل ہوئے اور تمام افراد کو اسلحے کے زور پر یرغمال بناکر گھر سے 95 لاکھ نقد اور ساڑھے چار تولہ سونا لوٹ کر فرار ہوگئے ۔واقعے کا مقدمہ اسٹیل ٹاؤن تھانے میں شوروم مالک مخدوم محمد جان کی مدعیت میں 37/25 نا معلوم ڈاکوؤں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے ۔ مقدمے میں مدعی کا کہنا ہے کہ رات کو چار بجے کے وقت ڈاکو دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر گھر کے لوگوں کو یرغمال بنایا اور اس دوران گھر میں موجود نقد رقم اور سونا لے کر فرار ہو گئے ۔مدعی کے مطابق ڈاکوایک گھنٹہ50منٹ گھر میں موجود ر ہے ۔تمام ڈاکووں کے پاس اسلحہ موجود تھا۔ واضح رہے کہ گلشن حدید میں روزانہ ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، موٹر سائیکل اور گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں اور اسٹیل ٹاؤن پولیس وارداتیں روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے جب کہ ڈاکو گلشن حدید میں دیدہ دلیری سے وارداتیں کرنے میں مصروف ہیں ۔علاقے میں صبح کے اوقات میں دفاتر کیلئے نکلنے والے افرادسے گلی محلوں میں وارداتیں عام ہیں جبکہ دکانوں میں ڈکیتیوں کی ویڈیوز آئے روز سامنے آرہی ہیں جس کی وجہ سے خوف وہراس کی فضا کی قائم ہے ۔ اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ سندھ اور اعلیٰ پولیس حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔