ہمدرد نونہال اسمبلی میں آن لائن تحفظ ’’پر آگاہی اجلاس

ہمدرد نونہال اسمبلی میں آن لائن تحفظ ’’پر آگاہی اجلاس

کراچی(اسٹاف رپورٹر )ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد نے بچوں کو موبائل فون کے محتاط اور محفوظ استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نونہالان موبائل فون صرف تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کریں اور آن لائن فورمز یا گیمز کھیلتے وقت ذاتی تصاویر،لوکیشن اور رابطہ نمبر شیئر کرنے سے گریز کریں۔

یہ گفتگو انہوں نے بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینۃ الحکمہ میں منعقدہ ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کے اجلاس میں کی،جس کا موضوع ‘‘نونہالوں کے لیے آن لائن تحفظ تھا۔اجلاس میں ماہر تعلیم،آئی ٹی پروفیشنل اور ہمدرد پبلک اسکول کے سابق طالب علم کاشف محمود بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے ۔ سعدیہ راشد نے مزید کہاکہ انٹرنیٹ موجودہ صدی کی حیرت انگیز اور مفید ایجاد ہے ، لیکن اس کا غلط استعمال سماج دشمن سرگرمیوں کو فروغ دے رہا ہے ۔حقیقی خوشی والدین اور بہن بھائیوں کے ساتھ وقت گزارنے میں ہے ۔نوجوانوں کو بڑوں کے تجربے سے سیکھنا چاہیے اور مشکل حالات میں ان سے مشورہ لینا چاہیے ۔ڈاکٹر کاشف محمود نے کہا کہ آن لائن دنیا نے معاشرتی تنہائی کو بڑھا دیا ہے ۔نونہال مقررین میں قائدِ ایوان عائشہ فواد (ہمدرد پبلک اسکول)، قائدِ حزبِ اختلاف سید محمد شجاع (ہمدرد پبلک اسکول)، فاطمہ زہرا (عظیمی پبلک اسکول) اور دیگر مقررین نے کہا کہ بچوں کا آن لائن استحصال عالمی مسئلہ بن چکا ہے ، کوئی معاشرہ اس سے محفوظ نہیں۔جرائم پیشہ افراد بچوں کی معصومیت اور ناسمجھی کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔وطن دشمن عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں