بلڑی شاہ کریم :ڈائریا وبائی صورت اختیار کرگیا،بچی جاں بحق
بلڑی شاہ کریم (رپورٹ:شاہنواز رند)بلڑی شاہ کریم کے نواحی علاقے یونین کونسل حاجی عبدالخالق سومرو کے گاؤں بھادر مگنہار میں ڈائریا کی وبا پھیل گئی،جس کے نتیجے میں سات ماہ کی معصوم بچی سائرہ دختر شبیر مگنہارجاں بحق ہو گئی۔
وبا کے باعث متعدد بچے متاثر ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔ متاثرہ بچوں میں نوید ولد شبیر مگنہار، سسّی دختر عزیز مگنہار، 4سالہ فراز ولد قاسم مگنہار سمیت دیگر شامل ہیں۔ابتدائی طور پر محکمہ صحت اور انتظامیہ کی جانب سے فوری اقدام نہ ہونے پر اہلِ علاقہ نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور سندھ حکومت سے میڈیکل ٹیمیں بھیجنے کا مطالبہ کیا،تاہم میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ مختیارکار ریاض احمد پٹولی، تپیدار طالب جت اور محکمہ صحت کی ٹیمیں گاؤں پہنچ گئیں، جہاں متاثرہ بچوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جب کہ دو بچوں کو حالت بگڑنے پر رورل ہیلتھ سینٹر بلڑی شاہ کریم منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری رہا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر صادق، ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان دھرمون بھاوانی اور پی پی ایچ آئی کے ڈی ایم طاہر لاشاری کی ہدایت پر خصوصی میڈیکل ٹیمیں بھی گاؤں پہنچیں۔ علاقہ مکینوں نے انتظامیہ کی فوری کارروائی پر جزوی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گاؤں میں مستقل میڈیکل کیمپ قائم کیا جائے ، صاف پانی کی فراہمی اور صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں،تاکہ آئندہ اس نوعیت کی وبا سے بچاؤ ممکن ہو سکے ۔