سانگھڑ کی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل، شہری اذیت میں مبتلا
سانگھڑ (رپورٹ:نعیم خان)حالیہ برسات کے بعد سانگھڑ کی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوگئیں ، جس سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں۔ گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے جس کے باعث ملیریا اور ڈینگی کے کیسز میں اضافے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
بلدیہ سانگھڑ کروڑوں کا بجٹ رکھنے کے باوجود عوام کو سہولتیں دینے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق سانگھڑ شہر کی سڑکیں تباہ حالی کا شکار ہیں۔ خاص طور پر وہ راستے جو ایس ایس پی آفس، اینٹی کرپشن آفس اور سیشن کورٹ تک جاتے ہیں، بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔ جگہ جگہ گٹر کا پانی جمع ہے اور دھول مٹی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔اسی طرح کالی ٹینکی روڈ، پریس کلب چوک اور نواب شاہ روڈ حالیہ بارشوں کے بعد مزید مزید خستہ حالی کا شکار ہوچکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دھول مٹی سے سانس کے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے جبکہ گندے پانی کے باعث شہر میں تعفن پھیل رہا ہے ۔ مقامی مکینوں نے شکایت کی کہ سانگھڑ بلدیہ کروڑوں روپے کا بجٹ رکھنے کے باوجود عملی اقدامات کرنے میں ناکام ہے ۔ بارشوں کے بعد شہر بھر میں گندا پانی جمع ہونے سے مچھروں اور حشرات الارض کی افزائش میں اضافہ ہوا ہے ، جس کے باعث ملیریا اور ڈینگی وائرس کے کیسز بڑھنے لگے ہیں۔شہریوں نے میونسپل کمیٹی چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ روزانہ کی بنیاد پر ہر وارڈ میں جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کرایا جائے ، سڑکوں کی مرمت اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے ، تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔