کمشنر سکھر اور میئر ارسلان شیخ کا شہر کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
سکھر (بیورو رپورٹ)کمشنر سکھر اور میئر ارسلان شیخ نے شہر کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے قریشی گوٹھ روڈ، اوور ہیڈ برج اور چڑیا گھر کی تعمیر پر پیش رفت کا معائنہ کیا ۔
انہوں نے سٹی پوائنٹ سے تجاوزات کے خاتمے پر میونسپل انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔ اطلاعات کے مطابق کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کے ہمراہ شہر کا دورہ کرتے ہوئے تجویز کردہ اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران کمشنر نے قریشی گوٹھ روڈ پر جاری تعمیراتی کام، سکھر چڑیا گھر کی تعمیر، گڈانی پھاٹک اوور ہیڈ برج، N-5 بائی پاس اوور ہیڈ برج اور سڑک کی کشادگی کے منصوبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے فائر اسٹیشن کی تعمیر اور سٹی پوائنٹ سے تجاوزات کے خاتمے کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔عابد سلیم قریشی نے میونسپل انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سٹی پوائنٹ پر تجاوزات اور ٹریفک کے مسائل کے حوالے سے شہریوں کی شکایات دور کی جا رہی ہیں۔کمشنر سکھر نے میئر کے ہمراہ شہر کے مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر میئر ارسلان شیخ نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن نے گزشتہ مون سون بارشوں کے دوران نکاسی آب کے لیے مکمل تیاری کر رکھی تھی، تمام اسٹیشنز پر اسٹینڈ بائی جنریٹرز نصب کیے گئے تھے ۔ تاکہ شہریوں کو دشواری کا سامنا نہ ہو۔