حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب مال گاڑی پٹڑی سے اتر گئی
حیدرآباد (نمائندہ دنیا )سکھر سے کراچی آنے والی کوئلے سے بھری مال گاڑی حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئی، جس کے باعث ریلوے ٹریفک متاثر ہو گئی۔ حادثے کے بعد ریلوے حکام نے فوری طور پر بحالی کا کام شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سکھر سے کراچی جانے والی کوئلے سے لدی مال گاڑی جیسے ہی حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچی تو اچانک کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ واقعے کے باعث ٹریک پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو گئی، جب کہ بعض مسافر گاڑیاں مختلف اسٹیشنوں پر روک دی گئیں۔ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ ایک ہی ہفتے کے دوران حیدرآباد اسٹیشن کے قریب مال گاڑی کے پٹڑی سے اترنے کا دوسرا واقعہ ہے ، جس پر شہریوں اور مسافروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ریلوے انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔