حکیم سعید قوم کے لیے حقیقی رول ماڈل،معین الدین حیدر
ہمدرد فاؤنڈیشن ان کے مشن کے مطابق رفاہ عامہ کے کاموں میں سرگرمشہید حکیم سعید نے طب یونانی کو عالمی سطح پر روشناس کرایا ہے ،مقررین
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہمدرد شوریٰ اراکین اور ہمدرد نونہال اسمبلی کے مقررین نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ یادگاری پروگرام میں حاذق طبیب اور مصلحِ قوم شہید حکیم محمد سعید کو ان کی شہادت (17 اکتوبر) پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد کی زیر صدارت خصوصی پروگرام کا عنوان شہید حکیم محمد سعید اور خدمتِ خلق تھا۔ اسپیکر ہمدرد شوریٰ جنرل (ر) معین الدین حیدر نے کہا کہ حکیم سعید نئی نسل کیلئے حقیقی رول ماڈل ہیں۔ وہ بیدار ضمیر، بلند کردار اور قومی خدمت کے علم بردار تھے جنہوں نے ہمدرد پاکستان کی بنیاد اخلاق، تعلیم اور حب الوطنی کی اساس پر رکھی۔ اُن کا یقین تھا کہ بچے ملک کا مستقبل ہیں، اسی لیے انہوں نے ان کی فکری و اخلاقی تربیت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔آج ہمدرد فاؤنڈیشن شہید حکیم محمد سعید کے مشن کے مطابق، رفاہِ عامہ اور خدمتِ انسانیت کے ہر میدان میں سرگرمِ عمل ہے ۔ڈپٹی اسپیکر کرنل (ر)مختار احمد بٹ نے کہا کہ اکتوبرقومی تاریخ میں غمگین یادیں لیے آتا ہے ، جب لیاقت علی خان اور شہید حکیم سعید جیسے رہنما ہم سے جدا ہوئے ۔ پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان نے کہا کہ اُن کی بدولت طبِ یونانی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا اور پاکستان میں ہربل ادویہ سازی ایک منظم صنعت بنی۔ نونہال مقررین مریم فاطمہ، عائشہ فواد،سید شجاع اور دیگر نے شہید حکیم محمد سعید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ اسلام میں خدمت ِخلق کو عبادت کا درجہ حاصل ہے ۔ تقریب سے فیصل ندیم، ڈاکٹر رضوانہ انصاری، ہمابیگ اور کلیم چغتائی نے بھی خطاب کیاجبکہ ہمدرد پبلک اسکول کے طلبہ نے خاکہ پیش کیا۔ پروگرام کا اختتام دعائے سعید پر ہوا۔