ڈیٹا لیک کیس :این سی سی آئی اے حکام کی غیر حاضری پر عدالت برہم

ڈیٹا لیک کیس :این سی سی آئی اے حکام کی غیر حاضری پر عدالت برہم

سینئر افسران غیر سنجیدہ ہوں تو ماتحتوں کی ناقص کارکردگی پرحیرانی نہیں ہونی چاہیے،جسٹس عمر سیال

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں ذاتی ڈیٹا لیک کیس کی سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )کے اعلیٰ حکام کی غیر حاضری پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں سماعت کے دوران عدالت نے طلبی کے باوجود ڈی جی این سی سی آئی اے کی عدم پیشی پر ناراضی ظاہر کی۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیے کہ جب سینئر افسران خود سنجیدگی نہیں دکھائیں گے تو ماتحت عملے کی ناقص کارکردگی پر حیرانی نہیں ہونی چاہیے ۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل محسن قادر شاہوانی نے بتایا کہ ڈی جی لاہور ہائیکورٹ میں مصروفیت کے باعث حاضر نہیں ہوسکے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایجنسی اپنی کارکردگی بہتر بنائے گی اور ملزم کی گرفتاری میں پیش رفت ہوچکی ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایک لڑکی کی تضحیک جاری ہے اور نامزد ملزم جو خود وکیل ہے ، عدالتوں میں آتا جاتا ہے لیکن ایجنسی اسے گرفتار نہیں کرسکی ۔ عدالت نے ڈی جی کو آئندہ سماعت پر انکوائری رپورٹ پیش کرنے ، ماتحت افسران کو بلا خوف کام کرنے کی ہدایت دینے اور متاثرہ فرد کو وکٹم بلیمنگ سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ مزید سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں