شوہر کے قتل کی ملزمہ کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ

شوہر کے قتل کی ملزمہ کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ

خلع کا کیس چل رہا تھا، ملزمہ نے فائرنگ اور چھری سے قتل کیا تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی گئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) جوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے اورنگی ٹاؤن میں گھریلو تنازع پر بیوی کے ہاتھوں شوہر کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت کے روبرو اورنگی ٹاؤن میں گھریلو تنازع پر بیوی کے ہاتھوں شوہر کے قتل کا مقدمے میں گرفتار ملزمہ نور العمائمہ کو پیش کیا۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقتول اور ملزمہ کے درمیان خلع کا کیس چل رہا تھا۔ مقتول رات کے وقت اپنے دوست کے ہمراہ سسرال آیا۔ دیوار پھلانگ کر داخل ہوا اور ملزمہ پر فائرنگ کردی۔ ملزمہ نے بھی جواباً فائرنگ کی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ ملزمہ نے پھر چھری سے مقتول پر وار کیے ۔ملزمہ سے برآمد ہونے والے اسلحہ اور چھری کے حوالے سے معلومات کرنی ہے ۔ اصل حقائق کا پتا بھی لگانا ہے ۔بعد ازاں عدالت نے ملزمہ کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کیخلاف تھانہ اقبال مارکیٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ کراچی میں ایک اور واقعے میں ذاتی جھگڑے پر دو افراد نے اپنے 22 سالہ کزن تہذیر کو قتل کر دیا تھا۔پولیس نے دونوں ملزمان ارشد اور بشارت کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں