قیدیوں کو بہترسہولتیں دینے کیلئے کوشاں،صوبائی وزیر
کوشش ہے قیدیوں اور جیل عملے کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں علی حسن زرداری کی سینٹرل جیل میں منعقدہ تقریب میں شرکت،میڈیا سے گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جیل خانہ جات میں حال ہی میں ترقی پانے والے افسران اور اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب سینٹرل جیل کراچی میں منعقد کی گئی، جس میں صوبائی وزیر جیل خانہ جات و ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری مہمانِ خصوصی تھے ۔تقریب میں آئی جی جیل خانہ جات فدا حسین مستوئی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر اور آئی جی جیل خانہ جات نے ترقی پانے والے افسران اور عملے کو اعزازات سے نوازا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جات فدا حسین مستوئی نے کہا کہ جیل خانہ جات کا محکمہ صوبائی وزیر کی ہدایت پر عملے کی فلاح و بہبود کے لیے فوری اقدامات کر رہا ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ قیدیوں اور جیل عملے کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جیل عملے کو ترقیاں دینے کی کاوشوں پر سندھ حکومت کے شکر گزار ہیں۔ عملے کے لیے ہیلتھ کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ ملازمین کی انشورنس بھی کرائی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔اس وقت صوبے کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں، تاہم سندھ حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ قیدیوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، اسی مقصد کے تحت مزید بیرکس تعمیر کی جا رہی ہیں۔آخر میں صوبائی وزیر نے کھلی کچہری میں جیل ملازمین کے مسائل سنے اور آئی جی جیل خانہ جات کو فوری طور پر مسائل کے حل کی ہدایت دی۔