انسداد پولیو مہم کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے
پانچ سال تک کے 27لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا ئیں گے انکار کرنے والے بچوں اور ان کے والدین کی نشاندہی کر لی گئی،اجلاس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں انسداد پولیو مہم پیر (آج)سے شروع ہورہی ہے ۔انسداد پولیو مہم کا جائزہ لینے کے لئے کمشنرکراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیولنگ کے ذریعے شرکت کی۔کمشنرکراچی ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر سعود یعقوب اورڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے کمشنر کوتفصیلی بریفنگ دی ۔ کمشنر نے تمام افسران اور پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ قومی جذبہ سے کام کریں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم پر عملدرآمد کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ عملہ اور معاونین کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے بتایا گیا کہ مہم میں پانچ سال تک کے 27 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا ئیں گے ۔ فیصلہ کیا گیا کہ انکار کرنے والے 34 ہزار بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ فیصلہ کیا گیا کہ جن علاقوں میں ماحولیاتی نمونے مثبت آئے ہیں ان پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ انکار کرنے والے بچوں اور ان کے والدین کی نشاندہی کر لی گئی ہے اسسٹنٹ کمشنرز کو زمہ داری دی گئی ہے کہ وہ علاقہ کے معززین اور خواتین پولیو رضاکاروں کے ہمراہ خود والدین سے ملیں گے اپنے اپنے سب ڈویژن کے انکاری اور رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی ذمہ داری پوری کریں گے ۔