جناح ایونیو،شاہ فیصل میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کا مطالبہ

جناح ایونیو،شاہ فیصل میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کا مطالبہ

غیر ضروری جرمانوں کا سلسلہ بھی فوری روکا جائے ، رکن اسمبلی محمد فاروق ہیوی ٹریفک کی بندش جلد یقینی بنائی جائیگی،ڈی آئی جی ٹریفک کی یقین دہانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے امیر ضلع محمد اشرف اور ٹاؤن چیئرمین ظفر احمد خان کے ہمراہ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ سے ایک اہم ملاقات کی جس میں شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً جناح ایوینیو (ملیر ہالٹ تا ٹینک چوک)اور شاہ فیصل کالونی میں ٹریفک کے سنگین مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔محمد فاروق نے کہا کہ جناح ایوینیو پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت سے نہ صرف شہریوں کیلئے شدید مشکلات پیدا ہورہی ہیں بلکہ ٹریفک جام اور حادثات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہیوی ٹریفک پر فوری پابندی عائد کی جائے اور غیر ضروری جرمانوں کا سلسلہ روکا جائے تاکہ عام شہریوں اور مقامی کاروباری طبقے کو ریلیف مل سکے ۔اسی طرح شاہ فیصل کالونی میں شمع شاپنگ سینٹر کے اطراف ٹریفک جام، غیر قانونی پارکنگ اور بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کے باعث عوام کو درپیش مشکلات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ٹاؤن چیئرمین ظفر احمد خان نے کہا کہ شاہ فیصل اور گرد و نواح کے علاقوں میں ٹریفک کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے عوام کا روزمرہ معمول متاثر ہو رہا ہے ، اس مسئلے کا فوری حل ضروری ہے ۔ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ چند روز میں جناح ایوینیو پر ہیوی ٹریفک کی بندش کو یقینی بنایا جائے گا اور شاہ فیصل کالونی میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں