گلشن حدید میں آبی بحران کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

گلشن حدید میں آبی بحران کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

چار لاکھ سے زائد آبادی والا علاقہ پانی کے ایک ایک قطرے کو ترس رہا ہے علاقہ مکین مہنگے داموں ٹینکروں سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں،مظاہرین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن حدید میں گزشتہ چار ماہ سے پانی نہ ہونے کے خلاف جماعتِ اسلامی کی جانب سے اللہ والی چورنگی پر احتجاج کیا گیا۔ احتجاج میں شریک کارکنوں کے ہاتھوں میں بینرز تھے جن پر اسٹیل مل انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے خلاف نعرے آویزاں تھے ۔ اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ اسٹیل مل انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی بے حسی اور لاپروائی کے باعث چار لاکھ سے زائد آبادی والا علاقہ گلشن حدید پانی کے ایک ایک قطرے کو ترس رہا ہے ۔ متعدد بار احتجاج کیا گیا اور منتخب نمائندوں سمیت اسٹیل مل انتظامیہ کو شکایات کی گئیں، لیکن کسی نے بھی پانی کی فراہمی کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ مظاہرین نے کہا کہ چاہے وفاقی حکومت ہو یا صوبائی، عوام کو پانی فراہم کرنا ان کی ذمہ داری ہے ، لیکن گلشن حدید میں پانی کے مسئلے پر صرف سیاست کی جا رہی ہے ۔ عوام کو بنیادی سہولیات دینے کے لیے کسی نے کوئی عملی اقدام نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پانی کی عدم دستیابی کے باعث علاقہ مکین مہنگے داموں ٹینکروں سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ گلشن حدید کے رہائشیوں کو پانی جیسی بنیادی سہولت جلد از جلد فراہم کی جائے ، بصورتِ دیگر احتجاج کے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے یا ریلوے ٹریک پر مردوں اور عورتوں کے ہمراہ دھرنا دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں