پورٹ قاسم پر جدید شپ یارڈبنایاجائیگا،جنید انور چوہدری
وفاقی وزیر بحری امور کا ٹرمینلز کا معائنہ ،صنعتی ترقی سے متعلق تفصیلی بریفنگ جدید شپ یارڈ میں سالانہ 6جہاز بنانے کی گنجائش موجود ہوگی، میڈیا سے گفتگو
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے سمندری امور جنید انور چوہدری نے پورٹ قاسم اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل (ریٹائرڈ)سید معظم الیاس ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے کیا۔دورے کا مقصد پاکستان میری ٹائم ویک 2025 کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت اور پورٹ قاسم اتھارٹی کی حالیہ بین الاقوامی کامیابیوں کا اعتراف تھا۔ورلڈ بینک کے تازہ ترین کنٹینر پورٹ پرفارمنس انڈیکس 2024 کے مطابق پورٹ قاسم اتھارٹی کو دنیا کے نویں بہترین کنٹینر پورٹ کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے ۔یہ شاندار کامیابی بندرگاہ میں کی جانے والی انتظامی اصلاحات، جدیدیت اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عملی اقدامات کا نتیجہ ہے ۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر ٹرمینلز کا بھی معائنہ کیا اور آپریشنز، سیکیورٹی اقدامات اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جاری صنعتی ترقی سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی ۔
اپنے خطاب میں جنید انور چوہدری نے کہا کہ پورٹ قاسم کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری پاکستان کی بحری استعداد اور بندرگاہی نظام کی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔ وزارت سمندری امور، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے پورٹ قاسم کے ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورٹ قاسم پر جدید شپ یارڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سالانہ 6 جہاز بنانے کی گنجائش موجود ہوگی۔ اس موقع پر وزارت سمندری امور اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔