لاڑکانہ ڈویژن :رواں برس خسرے کے 400 کیس رپورٹ
3اموات ہوئیں، 17 نومبر سے مہم میں 8.4 ملین بچوں کو ویکسین دی جائیگیخسرہ ، او پی وی ویکسی نیشن مہم کے حوالے سے کمشنر لاڑکانہ کی زیر صدارت اجلاس
لاڑکانہ (بیورورپورٹ) خسرہ اور او پی وی ویکسی نیشن مہم کے حوالے سے کمشنر لاڑکانہ ڈویژن طاہر حسین سانگی کی زیر صدارت کمشنر آفس میں اجلاس ہوا۔ بریفنگ میں ڈاکٹر شاہد حسین کھوکھر ڈویژنل آفیسر ای پی آئی لاڑکانہ نے بتایا کہ یہ مہم 17 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گی، جس میں 6 ماہ سے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسین دی جائے گی، مائیکرو پلان تیار کر کے نافذ کر دیا گیا ہے اور ٹیموں کی تربیت بھی مکمل ہو چکی ہے ۔ ڈاکٹر شاہد نے مزید بتایا کہ اس سال لاڑکانہ ڈویژن میں خسرے کے 400 کیس رپورٹ ہوئے ، جن میں 170 لاڑکانہ، 105 قمبر، 84 شکارپور، 66 جیکب آباد اور 43 کشمور کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 3 اموات بھی رپورٹ ہوئیں، دو قمبر اور ایک جیکب آباد میں۔ انہوں نے کہا کہ 13 روزہ مہم کے دوران پورے سندھ کی 1,190 یونین کونسلوں میں 8.4 ملین بچوں کو اسکولوں اور فیلڈز میں موبائل ٹیموں، فکس پوائنٹس اور صحت کے مراکز کے ذریعے ویکسین دی جائے گی، مہم کی کامیابی کے لیے لائن ڈپارٹمنٹس، ضلعی انتظامیہ، مذہبی رہنماؤں، عوامی نمائندوں اور میڈیا کا بھرپور تعاون حاصل کیا جائے گا۔ کمشنر لاڑکانہ طاہر حسین سانگی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ مہم کے موثر نفاذ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے پولیس کو ٹیموں کی سکیورٹی یقینی بنانے اور ضلعی تعلیم افسران کو مکمل تعاون کی ہدایت دی۔