ہوٹلز اور چائے خانوں کے لئے ایس او پی بنانے کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر سید حسن نقوی سے ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں کی نمائندہ تنظیم آل کراچی ہوٹلز اور ریسٹورنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کے 4رکنی وفد نے صدر عبد الطیف کاکڑ کی قیادت میں ملاقات کی۔۔۔
وفد نے روڈ سائیڈ چائے خانوں اور ہوٹلوں کے خلاف کراچی انتظامیہ کی مہم کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ہوٹلز ایسو سی ایشن کے تعاون سے چائے خانوں اور ہوٹلوں کیلئے ایس او پی بنائے جائے گی ۔آئندہ دو روز میں ایس او پی تیار کر لی جائے گی جس پر عمل کر نے کی تحریری یقین دہانی کے بعد بند چائے خانوں اور ہوٹلوں کھولنے کی اجازت دی جائے گی ۔اس وقت تک کارروائیاں جاری رہیں گی ۔اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ کراچی انتظامیہ کی جاری مہم شہر میں فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر جگہ جگہ بڑھتے ہوئے چائے خانوں کی روک تھام اور ا نہیں اپنی حدود میں پابند رکھنا شہری مسائل حل کر نے کی حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے ۔فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر تجاوزات کر کے ہو ٹلز اور چائے خانے قائم کرنا غیر قانونی اور شہریوں اور ٹریفک کیلئے تکلیف کا باعث ہے ۔