سکھر:بغیر نمبر پلیٹ چلنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن
24سے زائد ضبط، سینکڑوں کے کوائف، نمبر پلیٹس کی تصدیق کی گئیمشکوک افراد کی تلاش ایپ کے تحت ویری فیکیشن کا عمل بھی جاری رہا
سکھر(بیورو رپورٹ)ضلع بھر میں اسنیپ چیکنگ کے دوران گزشتہ روز بغیر نمبر پلیٹ چلنے والی چھوٹی بڑی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کیا گیا، جس میں متعدد بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں 550CrPc کے تحت ضبط کی گئیں۔ خصوصی مہم کے تحت ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں، شاہراہوں، اور اہم پوائنٹس پر ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں ایس ایچ اوز کا بھاری نفری کے ہمراہ چیکنگ کا عمل جاری ہے ۔دورانِ کارروائی سینکڑوں گاڑیوں کو روکا گیا، ان کے کوائف اور نمبر پلیٹس کی تصدیق کی گئی، جبکہ ضلع بھر میں مختلف تھانہ جات کی کارروائیوں میں 24 سے زائد گاڑیوں/موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لیکر 550 CrPC کی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اسنیپ چیکنگ، کالے شیشوں والی گاڑیوں، گرین، بلو فینسی نمبرز پلیٹوں والی گاڑیوں سمیت رکشہ، مسافر وین و دیگر چھوٹی بڑی گاڑیوں کو بھی چیک کیا جارہا ہے ۔ مشکوک افراد کی تلاش ایپ کے تحت ویری فیکیشن، تصدیق کا عمل بھی جاری ہے ۔دوسری جانب ایس ایس پی سکھر اظہر خان کا کہنا ہے کہ بغیر نمبر پلیٹس اور غیر رجسٹرڈ گاڑیاں اکثر جرائم کی سرگرمیوں میں استعمال ہوتی ہیں، لہٰذا ان کے خلاف کارروائی بلا امتیاز جاری رہے گی۔شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی قیمتی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی بروقت رجسٹریشن کروائیں، اور فینسی نمبر پلیٹس، ٹنٹیڈ گلاسز، اور بلیو لائٹس کے استعمال سے اجتناب کریں تاکہ قانون پر عمل درآمد میں پولیس کے ساتھ تعاون ممکن ہو۔