سندھ میں ٹماٹر کی فصل آنے سے قبل ہی دام گرگئے
ایران سے درآمد کے باعث کاشتکار پریشان، چند روز قبل 500روپے کلو تھےپیاز کی قیمت آسمان پر پہنچ گئی، میرپور خاص ودیگر شہروں میں 200روپے کلو
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)پیاز کی قیمت آسمان پر پہنچ گئی جبکہ ٹماٹر کی قیمت آسمان سے زمین پر آگری، جس سے کاشتکار طبقہ پریشان ہوگیا، نرخ کم ہونے سے کاشتکاروں نے سر پکڑ لیے ، تاہم پیاز کاشت کرنے والے کاشتکار خوش ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل تک ٹماٹر کے نرخ 500 روپے کلو ہوجانے سے جہاں عوام پریشان نظر آتے تھے وہیں کاشتکار طبقہ خوش دکھائی دے رہا تھا، اور کاشت کی گئی ٹماٹر کی ترسیل عام بازار تک جلد سے جلد پہنچانے کی کوشش میں دن رات مصروف ہوگئے تھے ، بازار میں برادر ملک ایران سے ٹماٹر پہنچ جانے کے بعد ضلع میرپورخاص سمیت دیگر شہروں میں کاشت کی گئی ٹماٹر کی فصل پر اس کا اثر پڑا اور نرخ 500 سے ایک دم 20 روپے کلو پر پہنچ جانے سے مقامی کاشتکاروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد کاشتکار سر پکڑ کر بیٹھ گئے ۔ دوسری جانب پیاز کی قیمت 30 روپے سے 200 روپے ہونے سے پیاز کے بیوپاری اور وہ زمین دار جنہوں نے پیاز کاشت کی تھی، اس وقت خوش نظر آتے ہیں، چار لاکھ میں فروخت ہونے والا پیاز کا ٹرک 18 لاکھ کا ہو گیا۔ پیاز کی قیمت گزشتہ دس روز سے 200 روپے کلو پر رکی ہوئی ہے۔