انسداد تجاوزات آپریشن ،ریسٹورنٹ اور دکانیں سر بمہر ،8افراد گرفتار
نیشنل ہائی وے ، ملیر ہالٹ کالابورڈ اور ملیر نمبر 15پر فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر گنے کے جوس کی مشینوں کاخاتمہ ٹائر پنکچر کا ایک کیبن اورفٹ پاتھ پر غیر قانونی پارکنگ بھی ختم کردی گئی،کسی سے رعایت نہ کی جائے ،کمشنر کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں روڈ سائڈ تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے ۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ کسی کے ساتھ رعایت نہ کریں مسلسل کارروائی جاری رکھیں ۔ ڈپٹی کمشنر کورنگی نے کمشنر کراچی کو کارروائی کی رپورٹ پیش کی ہے جس میں بتایا کہ نیشنل ہائی وے ، ملیر ہالٹ کالابورڈ اور ملیر نمبر 15 پر فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر مشینوں کے استعمال سے گنے کے جوس کی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی کارروائی کی جارہی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق گنے کے جوس کی فروخت کرنے کے لئے فٹ پاتھ اور سڑک پر استعمال ہونے والی مشین کو ہٹا دیا گیا اور اسے تنبیہ کر دی گئی ہے کہ دوبارہ فٹ پاتھ یا سڑک پر گنے کے جوس کی مشین کے ذریعے پیڈسٹرین ٹریفک یا وہیکل ٹریفک کے لئے رکاوٹ نہ بنے بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی مشین ضبط کر لی جائے گی اور گرفتاری بھی کی جا سکتی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق کارروائی میں کیبن کو توڑ کر نا قابل استعمال بنادیا گیا، ٹائر پنکچر کے ایک کیبن کا بھی خاتمہ کیا گیا اور فٹ پاتھ پر کی جانے والی تجاوزات ختم کر دی گئی،فٹ پاتھ پر غیر قانونی پارکنگ کا بھی خاتمہ کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنروسطی طحہ سلیم کی رپورٹ کے مطابق لیاقت آباد برڈ مارکیٹ پر کارروائی کرکے انتہائی محدود کر دیا گیا اور سڑکوں سے ہٹادیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو کے مطابق صدر میں میر کرم علی تالپور پر سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے ٹھیلوں اور پتھاروں کو ہٹا د یا گیا اور سڑک کو تجاوزات سے خالی کرالیا گیا ہے ۔ تجاوزات کے مرتکب 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ،جن افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے ان میں شاہد ولد رستم عابد حسین ولد اللہ دتہ،طاہر ولد حفیظ، اکرام ولد غلام رسول اور سید شاہد علی ولد حا مد علی شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں مینسفیلڈپر ایک ریسٹورنٹ اور دو کپڑے کی دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا اس طرح صدر میں مجموعی طور پر آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔