درخشاں میں نوبیاہتا لڑکی کے قتل کا مقدمہ درج
مقتولہ کے شوہر کے کزن کوحراست میں لے کرپوچھ گچھ شروع کردی گئیموت گردن دبنے کے باعث ہوئی،پولیس سرجن،لواحقین کاانصاف کامطالبہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے درخشاں میں نوبیاہتا لڑکی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس نے رشتے دار کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔پولیس سرجن کا کہنا ہے کہ خاتون کی موت گردن دبنے کے باعث ہوئی۔ لواحقین نے اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈیفنس فیز فائیو کے رہائشی فلیٹ کی چھت سے 17 سالہ زینب زوجہ محمد زین کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی تھی۔واقعہ کا مقدمہ درخشاں تھانے میں مقتولہ کے والد عبدالجبار کی مدعیت میں قتل کی دفعہ کے تحت درج کرلیا گیا۔مدعی کا کہنا ہے کہ زینب کی ایک ماہ قبل محمد زین سے شادی ہوئی تھی زینب عارضی طور پر ڈیفنس فیز 5 میں قائم داماد کی خالہ کے فلیٹ میں مقیم تھی داماد محمد زین کے رشتہ داروں کے مطابق پیر کی شام زینب چھت پرگئی تھی اورکافی دیر تک واپس نہیں آئی بعد میں معلوم ہوا کہ زینب کا کسی نے گلا گھونٹا ہے اوربیہوشی کی حالت میں چھت پر موجود ہے جسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کے موت کی تصدیق کردی۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران خون اور ڈی این اے کے لیے نمونے حاصل کرلیے گئے ۔ ادھر ایس ایس پی ساوٌتھ مہزور علی کے مطابق پولیس نے دوران تفتیش مقتولہ کے شوہر کے کزن کوحراست میں لیا ہے جس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔