سانگھڑ:پولیس اہلکاروں سمیت6افراد کیخلاف گٹکا اسمگلنگ کا مقدمہ

سانگھڑ:پولیس اہلکاروں سمیت6افراد کیخلاف گٹکا اسمگلنگ کا مقدمہ

ایف آئی اے کی کارروائی، مقدمے میں کسٹمز ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل

سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) نواب شاہ نے بھارتی گٹکا اسمگلنگ، منشیات کے مبینہ کاروبار، حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی مالی لین دین کے الزام میں دو الگ الگ مقدمات درج کرتے ہوئے سانگھڑ پولیس سے منسلک اہلکاروں سمیت 6 افراد کو نامزد کر دیا ہے ۔ مقدمات میں کسٹمز ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ایس ایس پی آفس سانگھڑ میں تعینات جونیئر کلرک غلام سرور جعفری پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ، حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ ایف آئی اے ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران غلام سرور جعفری کے قبضے اور زیر استعمال مقامات سے بھاری مقدار میں نقد رقم، قیمتی گاڑیاں، موبائل فونز، لیپ ٹاپ، بینک ریکارڈ، جائیداد دستاویزات، اسلحہ لائسنس اور دیگر اہم ریکارڈ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق غلام سرور جعفری سے ایک کروڑ 79 لاکھ روپے نقد، بھارتی گٹکا اور مین پوری چھالیہ کے 58 تھیلے ، دو لیپ ٹاپ، ہارڈ ڈرائیوز، متعدد بینک کارڈز، چیک بکس، پراپرٹی فائلیں، زرعی زمینوں کے معاہدے ، فش فارم معاہدے ، ایف بی آر اثاثہ جات ریکارڈ، انشورنس فائلیں، اسلحہ لائسنس اور مختلف گاڑیوں کی دستاویزات برآمد ہوئیں۔ مقدمات میں نامزد دیگر ملزمان میں مبینہ منشیات ڈیلر رانا غلام محی الدین بابر، جمیل احمد بروہی، پولیس کانسٹیبل ممتاز علی شر، پولیس اہلکار شوکین شر اور عمران علی شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں