میرپور خاص:چور گینگ کے 2 کارندے گرفتار، 10موٹر سائیکلیں برآمد

میرپور خاص:چور گینگ کے 2 کارندے گرفتار، 10موٹر سائیکلیں برآمد

پی سی بی گراؤنڈ کے قریب پولیس کی کارروائی، ملزموں سے اسلحہ برآمد، ایک فرارملزم گلاب ٹنڈو محمد، فیصل کا میرپور خاص سے تعلق، میرمحمد کی گرفتاری کی کوشش

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)پولیس نے موٹر سائیکل چور گینگ کیخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزموں کو گرفتار کر کے 10مسروقہ موٹر سائیکلیں ایک 30بور پستول اور ایک 32بور ریوالور برآمد کر لیا، ایک ملزم فرار ہوگیا، پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او ٹاؤن انسپکٹر قربان عقلانی، ایس ایچ او مہران انسپکٹر رحیم گوپانگ اور سی آئی اے انچارج سب انسپکٹر اقبال جٹ نے متعلقہ تھانے کی حدود میں پی سی بی گرائونڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری میں ملوث گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کیا گرفتار ملزمان کی شناخت گلاب ولد حاجن تھیم، سکنہ شیخ بھرکیو ضلع ٹنڈو محمد خان اور فیصل رانگھر سکنہ تعلقہ شجاع آباد ضلع میرپورخاص کے طور پر ہوئی ہے جبکہ ان کا ساتھی میر محمد ولد محمد آچر فرار ہوگیا۔

جس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس کے مطابق گرفتار اور فرار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور ان کیخلاف مختلف اضلاع میں موٹر سائیکل چوری، ڈکیتی، اسلحہ اور مزاحمت پولیس سمیت متعدد مقدمات درج ہیں، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مختلف ماڈلز کی 10 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں جن میں زیادہ تر ہنڈا سی ڈی 70 اور ایکسپریس موٹر سائیکلیں شامل ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد موٹر سائیکلوں کے اصل مالکان کی تلاش جاری ہے ، ملزمان سے مزید تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے ، پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جہاں معزز عدالت نے ملزمان کو دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں