جیکب آباد:پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کوقتل ہونے کاخدشہ

جیکب آباد:پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کوقتل ہونے کاخدشہ

سرداروں نے معاملہ متنازع بنادیا، ویڈیو بیان میں حکام سے تحفظ فراہمی کی اپیل

جیکب آباد (نمائندہ دنیا)جیکب آباد میں پسند کی شادی کے بعد گاؤں نذر آتش کیے جانے کے واقعے میں متاثرہ لڑکی سدریٰ اور لڑکے محمد حسن نے سرداروں کی جانب سے قتل کروانے کا خدشہ ظاہر کردیا، کیونکہ سرداروں نے معاملے کومتنازع بنا دیا، ویڈیو بیان میں جوڑے نے اعلیٰ حکام سے فوری تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ، دوسری جانب لڑکی سدریٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے پسند کی شادی کی ہے اور کوئی جرم نہیں کیا، اس کا کہنا تھا کہ مذہب اور ملکی قانون دونوں بالغ افراد کو پسند کی شادی کی اجازت دیتے ہیں تاہم اس معاملے کو بعض بااثر افراد نے تنازع بنا دیا ہے ، لڑکی نے الزام عائد کیا کہ سردار صدام برڑو اور سردار احمد علی چنہ نے چار سے پانچ سو افراد کے ہمراہ حملہ کرکے 121 گھروں کو آگ لگا دی۔

انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے واقعے کے باوجود مذکورہ سرداروں کے نام دہشت گردی کے مقدمے میں شامل کیوں نہیں کیے گئے ، متاثرہ لڑکی کا کہنا تھا کہ انہیں اور ان کے خاندان کو ان سرداروں سے جانی و مالی خطرات لاحق ہیں، جوڑے نے وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے اپیل کی کہ دونوں سرداروں کو دہشت گردی کے مقدمات میں شامل تفتیش کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے ، لڑکی نے مزید خدشہ ظاہر کیا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو یہ تنازع مزید خونریزی اور قبائلی جھگڑوں کو جنم دے سکتا ہے جسے بعد میں کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں