سکھر:سڑک کنارے غیر قانونی مویشی منڈیاں لگنا شروع
خریداروں کا رش، بھاؤ تاؤ عروج پر، ٹریفک جام رہنا بھی معمول بن گیا شہری وسماجی حلقوں میں تشویش، منڈیاں شہر سے باہر منتقلی کا مطالبہ کیا
سکھر(بیورو رپورٹ)شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی مویشی منڈیاں لگنا شروع ہوگئیں، شاہراہوں پر مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کیلئے بھاؤ تاؤ عروج پر پہنچ گیا، منڈیوں میں خریداروں کا رش لگنے سے ٹریفک جام معمول بن گیا ،شہری و سماجی حلقوں میں تشویش، مویشی منڈیاں شہر سے باہر منتقلی کا مطالبہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عید الضحیٰ پر سکھر انتظامیہ کی جانب سے مویشی منڈی انتظام کے باوجود سکھر اور اسکے گرد ونواح میں مویشی مالکان نے بھی شہر کی اہم شاہراہوں و مقامات پر از خود مویشی منڈیاں قائم کرنا شروع کردی ہیں۔
جہاں پر مویشیوں کے رش کے ساتھ خریداروں کا بھی رش لگ گیا ہے اور مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کیلئے بھاؤ تاؤجاری ہے ، شہر میں قائم غیرقانونی مویشی منڈیوں سمیت بازاروں میں چھوٹے بڑے جانوروں کی فروخت جاری ہے ، شہر کی مصروف ترین شاہراہ ریس کورس روڈ پاک کالونی روڈ ،نیو پنڈ پھاٹک و اطراف میں لگنے والی مویشی منڈیوں کے باعث شاہراہ پر ٹریفک جام معمول بنتا جارہا ہے اور وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کو مشکلات اٹھانا پڑ رہی ہے ۔