شہر کی 250سڑکوں کی مشینی صفائی بند

شہر کی 250سڑکوں کی مشینی صفائی بند

مال روڈ ،جیل روڈ ،فیروز پور روڈ ،ایبٹ روڈ ،کینال روڈ ،جی ٹی روڈ ،ملتان روڈ ،گلبرگ مین بلیوارڈ اور دیگر سڑکوں کے کناروں پر مٹی جم گئی 90 میں سے صرف 35 ٹریکٹر فعال،ہاتھوں سے صفائی کی جا رہی، آؤٹ سورس میکینکل سویپنگ بند کرنے سے 50 کروڑ کی بچت ہوئی:ڈپٹی جی ایم

لاہور (عمران ملک) شہر کی 12 سو کلو میٹر پر محیط 250 اہم و ماڈل شاہراہوں کی مشینی صفائی بند ہو گئی ۔مال روڈ ،جیل روڈ ،فیروز پور روڈ ،مین کینال روڈ ،جی ٹی روڈ ،رنگ روڈ ،ملتان روڈ ،لوئر مال ،اپر مال ،گلبرگ مین بلیوارڈ ،علامہ اقبال روڈ ،ایبٹ روڈ کے کناروں پر سینکڑوں ٹن مٹی جم گئی۔ شاہراہوں کی مکینیکل سویپنگ نہ ہونے سے مٹی آلودگی کا باعث بننا شروع ہو گئی ۔مال روڈ کا 20کلو میٹر،مین کینال روڈ21 ،جی ٹی روڈ 25، فیروز پور روڈ 31،کچا جیل روڈ 8 ،بند روڈ 10، مین بلیوارڈ گلبرگ 15،جیل روڈ 19 ،کالج روڈ 6،گورومانگٹ 4، علامہ اقبال روڈ 6 ،ایبٹ روڈ 2 ، پنجاب اسمبلی 1 ،ظہور الٰہی روڈ 4،قصوری روڈ 1 ،لبرٹی تا حسن چوک 2 کلو میٹر حصہ متاثر ہوا ہے ۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے پاس 90 میکینکل سویپنگ ٹریکٹر موجود ہیں ،ذرائع نے انکشاف کیا یہ شہر کی سروس لائنز پر میکینکل سویپنگ کرتے تھے ۔اس وقت صرف 35میکینکل سویپنگ ٹریکٹر بغیر ویکیوم کام کر رہے ہیں ۔رواں برس یکم جنوری سے شہر کی صفائی ہاتھ سے کروائی جا رہی ہے ،میکینکل سویپنگ کو توسیع شدہ کنٹریکٹ میں شامل کیا گیا ،میکینکل سویپنگ کے بدلے سالانہ دونوں صفائی کمپنیوں کو50 کروڑ ادا کئے جاتے رہے ۔شاہراہوں پر ہاتھ سے صفائی کروانے سے درجنوں حادثات ہوئے ہیں ۔ڈپٹی جنرل منیجر آپریشن آصف اقبال کا کہنا ہے 50 سے زائد کمپیکٹر ٹرالی کے ساتھ شہر کی میکینکل سویپنگ کروا رہے ہیں، آؤٹ سورس میکینکل سویپنگ بند کروا کر50کروڑ روپے کی بچت کی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں