سلطان احمد روڈ کو بارش میں ڈوبنے سے بچانے کا منصوبہ ادھورا

سلطان احمد روڈ کو بارش میں ڈوبنے سے بچانے کا منصوبہ ادھورا

اچھرہ ڈسپوزل سے ایل او ایس تک نئی ڈرین بچھائی جانی تھی،پائپ فیروزپورروڈ پر پڑے ،عدم ادائیگی پر کام بندڈاکٹر آکاش روڈ اکھاڑنے کے بعد لاوارث ،مٹی کے ڈھیروں سے مشکلات ،پیسے نہیں مل رہے :وائس چیئرمین واسا

لاہور (شیخ زین العابدین )مون سون میں سلطان احمد روڈ اچھرہ کو ڈوبنے سے بچانے کا منصوبہ ادھورا چھوڑ دیا گیا،ڈاکٹر آکاش روڈ کو اکھاڑنے کے بعد لاوارث چھوڑ دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق واسا نے 12 کروڑ روپے کی لاگت سے سلطان احمد روڈ اچھرہ کا نکاسی آب کا منصوبہ بنایا تھا،اچھرہ ڈسپوزل سے ایل او ایس تک نئی ڈرین بچھائی جانی تھی، کنٹریکٹر نے پیسوں کی ادائیگی نہ ہونے پر تعمیراتی کام بند کر دیا، مشینری کو شمع سٹاپ سے ملحقہ ڈاکٹرآ کاش روڈ پر کھڑا کر دیا گیا اورواسا نے روڈ کو اکھاڑ بھی دیا، کھدائی کے دوران نکلنے والی مٹی کے ڈھیر لگ گئے جو علاقہ مکینوں کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں، انہوں نے احتجاج بھی کیا۔مین فیروز پور روڈ پر پڑے سیوریج کے پائپ خراب ہو رہے اور ٹریفک میں رکاوٹ کا سبب بن رہے ہیں۔ ایکسین واسا سہیل سندھو نے بتایا امید ہے حکومت منصوبے کے لیے فنڈز جاری کر دے گی۔ وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود کا کہنا تھا پنجاب حکومت کی ہدایت پر سلطان احمد روڈ پراجیکٹ پر کام شروع کیا،حکومت اب پیسے نہیں دے رہی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں