انتظامات نامکمل:کورونا ویکسی نیشن کے 10مراکزفعال نہ ہو سکے
اے پی ایس شہدا سکول ماڈل ٹاؤن سنٹر کے پیغام شہریوں کو ملے مگر وہاں پہنچنے پر انہیں ایکسپو سنٹر منتقل کر دیا گیا چند سکولوں میں کرسیوں،بیڈز،ٹینٹ اور پنکھوں کا بندوبست ہو گیا ،چند روز میں چالوہو جائیں گے : ڈپٹی کمشنر
لاہور (عمران اکبر، تصاویر: امجد حسین ) دعوؤں اور اعلانات کے باوجود 10سکولوں میں نئے ویکسی نیشن سنٹرز فعال نہ ہوسکے ،سنٹرز پر عملہ پہنچا نہ رجسٹریشن کے لئے کمپیوٹرز آئے ۔وائی فائی کا بندوبست ہوا اور نہ ہی سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھروگیٹ نصب ہوسکے ۔تفصیل کے مطابق 40سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کاآغازہوگیا ہے مگر انتظامیہ کی مبینہ غیر سنجیدگی کے باعث شہریوں کوپریشانی کاسامنا کرناپڑا۔حکومتی اعلان کے باوجود لاہور کے 10سکولوں میں نئے ویکسی نیشن سنٹرز فعال نہ ہوسکے ۔شہریوں کو تصدیقی پیغام پہلے سے قائم ویکسی نیشن سنٹرز سے موصول ہو رہے ہیں صرف گورنمنٹ اے پی ایس شہدا سکول ماڈل ٹاؤن سنٹر کے پیغام شہریوں کو ملے مگر وہاں پہنچنے پر انہیں ایکسپو سنٹر منتقل کر دیا گیا۔ ویکسی نیشن رومز میں بیڈز اور فریزر آئی ایل آر رکھے جا رہے ہیں جبکہ مرکزی ہال کی تزئین و آرائش بھی جاری ہے ،گراؤنڈ میں ٹینٹ، کرسیاں اور پنکھے لگا دئیے گئے ہیں۔ پائلٹ سکول وحدت روڈ، سبزہ زار اور ریٹی گن روڈ پر بھی سنٹرز غیر فعال ہیں، کرسیاں ،سکریننگ ڈیسک اور بیڈز لگا دئیے گئے مگر سٹاف اور ویکسین نہ پہنچائی جا سکی۔ہائر سیکنڈری سکول گھوڑے شاہ ، ہائی سکول رائیونڈ ، ہائر سیکنڈری سکول جلو موڑ ، ہائی سکول کاہنہ نو ، ہائی سکول گجر پورہ ، ہائی سکول تاجپورہ اور ہائی سکول اسلامیہ کینٹ میں بھی سنٹرزتیار نہ ہو سکے ۔ ڈپٹی کمشنرمدثر ریاض ملک کا کہنا ہے چند روز میں ویکسی نیشن سنٹرزفعال ہو جائیں گے ۔