مسافروں کی کمی:عیدٹرینیں اخراجات پورے نہ کر سکیں

مسافروں کی کمی:عیدٹرینیں اخراجات پورے نہ کر سکیں

کراچی جانے والی پہلی ٹرین پر 113 ،دوسری پر 22 مسافر روانہ،تیسری ٹرین پر کوئی بکنگ نہ ہوئیدیگر ٹرینوں میں بھی مسافر کم ،کروڑوں کا خسارہ،کراچی سے آنیوالی ٹرینیں اخراجات پورے کرر رہی ہیں:ترجمان

لاہور(رانا فہدامین سے ) ریلوے انتظامیہ کی مبینہ ناقص حکمت عملی کے باعث عید سپیشل ٹرینیں مسافروں کی توجہ حاصل نہ کرسکیں۔ ریلوے انتظامیہ نے لاہور ، کراچی اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں سے 77 عید سپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ۔لاہور، کراچی سمیت مختلف شہروں سے 7 مئی سے عید ٹرین آپریشن شروع ہوا۔ انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کے باوجود ریلوے مسافروں کی توجہ حاصل نہ کر سکا۔ مسافروں کی کم تعداد کے باعث ٹرینیں ڈیزل کے اخراجات بھی پورے نہ کر پائیں۔7 مئی کو17 کوچز پر مشتمل پہلی عید سپیشل ٹرین پرلاہور سے 113 ،دوسری پر 22 مسافر کراچی روانہ ہوئے ،تیسری ٹرین کیلئے کسی مسافر نے بکنگ نہیں کرائی ۔گزشتہ روز لاہور سے فیصل آباد جانے والی عید سپیشل ٹرین پر 2 مسافروں نے بکنگ کرائی ،دیگر ٹرینوں میں بھی مسافروں کا رش نہ ہونے کے برابر ہے ۔ ذرائع کے مطابق 7 مئی کو لاہور سے کراچی جانے والی شاہ حسین ایکسپریس پر 554 ،جناح ایکسپریس پر صرف 109 مسافروں نے سفر کیا۔ 8 مئی کو جناح ایکسپریس پر 97، بزنس ایکسپریس پر 594 اور کراچی ایکسپریس پر 236 مسافروں نے سفر کیا،9 مئی کو لاہور سے کراچی جانے والی عید سپیشل ٹرین پر ایک بھی مسافر نے بکنگ نہیں کرائی۔شالیمار ایکسپریس پر 110 مسافروں نے سفر کیا، کراچی سے لاہور آنے والی ٹرینوں میں مسافروں کی تعداد بھی روٹین سے کم ہے ،ریلوے کو کروڑوں روپے کانقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے عوام کی سہولت کے لیے محکمہ خسارہ برداشت کررہا ہے عموماً لاہور سے کراچی کے لئے رش کم ہوتا ہے ، کراچی سے آنیوالی مسافر ٹرینیں اپنے ڈیزل کے اخراجات پورے کر رہی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں