عیدسرپر،گوشت کے من مانے ریٹ:شہری لٹتے رہے حکام خاموش

عیدسرپر،گوشت کے من مانے ریٹ:شہری لٹتے رہے حکام خاموش

برائلر کی مصنوعی قلت ،شہر کے کئی علاقوں میں غائب،مزید 8 روپے کلو مہنگا ، 415 روپے کلو کی بلند ترین قیمت پر پہنچ گیا، رمضان میں نرخ 79 روپے بڑھےمٹن کی قیمت 900 روپے کلو مقرر ،1200 سے 1400 روپے کلو تک فروخت ،بیف 450 کے بجائے 650 روپے بیچا جا رہا،بچوں کو کچھ بھی نہیں کھلا سکتے :شہری

لاہور(عبدالقادر سے )عید الفطر کی آمد کے موقع پر مہنگائی بے لگام ہو گئی،گوشت کے من مانے ریٹ مقرر کر دئیے گئے ،شہری لٹنے لگے جبکہ حکام خاموش ہیں۔چکن 415 روپے کی بلند ترین قیمت جبکہ مٹن اور بیف 500 روپے کلو تک مہنگے فروخت کئے جا رہے ہیں،چکن رمضان کے دوران 79 روپے کلو مہنگا ہو چکا ہے ۔تفصیل کے مطابق برائلر مافیا کی جانب سے مصنوعی قلت پیدا کرنے سے چکن شہر کے کئی علاقوں میں غائب ہونے لگا،27 ویں روزے مرغی کاگوشت 407 سے بڑھ کر 415 روپے کی بلند ترین سطح پر مقرر کردیا گیا ـ ،گزشتہ روز قیمت میں مزید 8 روپے اضافہ کیا گیا۔یکم رمضان کو 9 روپے مہنگا کرکے قیمت 345 روپے کلو مقرر کی گئی۔اسی طرح دوسرے روزے 6 ، ـ چوتھے 3 ،ـ پانچویں 10 ، چھٹے 7 ، نویں6 ،گیارہویں 3 ،ـ بارہویں 7 ،تیرہویں 10 ،ـ اٹھارھویں 5 ،انیسویں 10 ،بیسویں 10 ،ـ اکیسویں 3 ،تیئسویں10 ،چوبیسویں 10 ،پچیسویں 3 ،چھبیسویں 7 ،ستائیسویں روزے 8 روپے مہنگا ہوا۔بعض دنوں میں قیمت کم اورمستحکم بھی رہی ۔ادھر شہر میں مٹن اور بیف کی قیمتیں من مانی وصول کی جانے لگیں۔سرکاری ریٹ لسٹ میں مٹن کی قیمت 900 روپے کلو مقرر ہے لیکن مارکیٹ میں بکرے کا گوشت 1200 سے 1400 روپے کلو تک فروخت ہورہا ہے ۔ اسی طرح بیف کی فی کلو سرکاری قیمت450 روپے کلو مقرر ہے لیکن شہر میں بیف کی قیمت مختلف اور زائد وصولی کی جارہی ہے ، بیف ہڈی والا 650 روپے کلو جبکہ بغیر ہڈے کے 750 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے ـ ۔شہریوں کا کہنا تھا ہر چیز قوت خرید سے باہر ہو گئی،بچوں کو کچھ بھی نہیں کھلا سکتے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں