پانی فراہمی،نکاس کی 16 نئی سکیمیں بجٹ میں شامل

پانی فراہمی،نکاس کی 16 نئی سکیمیں بجٹ میں شامل

پانچ ارب 46 کروڑ 57 لاکھ 82 ہزار سے نئی سکیموں کی تکمیل کی جائیگی خیابان فردوسی سیوریج لائن ،10ٹیوب ویلز کی تبدیلی کا بھی فیصلہ

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )شہر لاہور کے باسیوں کو صاف پانی کی فراہمی اور گندے پانی کے نکاس کو بروقت یقینی بنانے کے لیے واسا نے منصوبہ بندی شروع کر دی،16 نئی سکیمیں پنجاب حکومت نے بجٹ میں شامل کر لیں،پانچ ارب 46 کروڑ 57 لاکھ 82 ہزار سے نئی سکیموں کی تکمیل کی جائیگی۔ واسا انتظامیہ نے خیابان فردوسی کی سیوریج لائن کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا،شوق چوک سے شوکت خانم چوک تک 75 کروڑ روپے سے نیا سیوریج سسٹم بچھایا جائے گا، اسی طرح پندرہ کروڑ روپے کی لاگت سے دو کیوسک کے دس ٹیوب ویلز تبدیل کئے جائیں گے ۔نشتر کالونی سے ہڈیارہ ڈرین تک سیوریج سسٹم کی بحالی کے لئے ایک ارب 65 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ واسا پچاس کروڑ روپے کی لاگت سے آئندہ مالی سال نئی مشینری خریدے گا۔ یونین کونسل 257،50،71 اور 93 میں واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم بچھایا جائے گا۔ چونگی امر سدھو غلام بھٹی کالونی میں سیوریج سسٹم کیلئے 3 کروڑجبکہ بابو صابو ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی تشکیل کے لیے 38 کروڑ 82 لاکھ روپے مختص کر دئیے گئے ۔واسا آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری ایل ڈی اے گورننگ باڈی سے حاصل کرے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں