ایلی ویٹیڈ ایکسپریس وے غیر منظور شدہ سکیموں میں شامل
70 کروڑ ضائع ہونیکا اندیشہ، دوبارہ کام شروع کرینگے :وی سی ایل ڈی اے
لاہور (شیخ زین العابدین)ایلی ویٹیڈ ایکسپریس وے منصوبہ غیر منظور شدہ سکیموں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا، منصوبے پر خرچ ہوئے ستر کروڑ روپے ضائع ہونے کا اندیشہ ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گلبرگ سے بابو صابو تک سگنل فری کوریڈور بنانے کے لیے پانچ سال پہلے کا منظور شدہ ایلی ویٹیڈ ایکسپریس وے منصوبہ آئندہ مالی سال میں پنجاب حکومت نے غیر منظور شدہ منصوبوں کی فہرست میں شامل کر دیا،پنجاب حکومت نے منصوبے کے لیے بجٹ میں 40 کروڑ روپے کے فنڈز تو مختص کیے مگر اس کو تعمیر کرنے کی اجازت نہ دی۔ جس کی وجہ سے اس منصوبے کی تعمیر سے قبل پائلنگ پر لگائی گئی کثیر رقم ضائع ہونے کا اندیشہ ہے ۔وی سی ایل ڈی اے ایس ایم عمران کا کہنا ہے کہ سابق حکومت نے بغیر کسی سروے کے ایلی ویٹیڈ ایکسپریس وے کا آغاز کیا، ہماری حکومت ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس منصوبے پر دوبارہ کام کا آغاز کرے گی۔