ایل ڈی اے: 30 نئے ترقیاتی منصوبوں‌ کیلئے 44 ارب

ایل ڈی اے: 30 نئے ترقیاتی منصوبوں‌ کیلئے 44 ارب

فیروز پور روڈ سے مین بلیوارڈ گلبرگ تھری کیلئے 18 کروڑ 11 لاکھ اور گلشن راوی ٹی جنکشن کی مرمت اور بحالی کیلئے 35 کروڑ 69 لاکھ کاتخمینہ لگایا گیا, بجٹ میں 15 ارب اضافے کی سفارش کی گئی ، مالی سال 2021-22 کی بجٹ تجاویز کی حتمی منظوری ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی اجلاس سے لی جائیگی

لاہور (شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے نے مالی سال 2021-22 کے 30 نئے منصوبوں کیلئے 43 ارب 83 کروڑ روپے کا بجٹ بنایا ہے ۔ ترقیاتی بجٹ میں 15 ارب اضافے کی سفارش کی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بجٹ تجاویز کی حتمی منظوری ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی اجلاس سے لی جائے گی، ایل ڈی اے نے آئندہ مالی سال کے لیے 30 نئے منصوبے شروع کرنے کا پلان بنایا ہے ، ایل ڈی اے نے جن نئے منصوبوں پر تعمیراتی کام شروع کرنے کی تجویز دی ہے ، ان میں فیروز پور روڈ سے مین بلیوارڈ گلبرگ تھری کے لیے 18 کروڑ 11 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ گلشن راوی ٹی جنکشن کی مرمت اور بحالی کے لئے 35 کروڑ 69 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا، بابو صابو انٹرچینج کی بحالی کے لئے 75 کروڑ 35 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا، ہربنس پورہ سے بی آر بی کینال تک نئی سڑک کی تعمیر کے لیے 2 ارب 80 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا۔ برکت مارکیٹ سے بھیکے وال موڑ تک سگنل فری کوریڈور کے لیے ایک ارب 95 کروڑ روپے تخمینہ لگایا گیا جبکہ خیرا ڈسٹری بیوٹری سے گجر کالونی تک دو رویہ سڑک بنانے کیلئے تیس کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا۔ اسی طرح بیدیاں روڈ رنگ روڈ انٹر چینج سے ہیر گاؤں تک سڑک دورویہ کرنے کیلئے 4 ارب 50 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شاہکام فلائی اوور منصوبہ، شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور منصوبہ ،گلاب دیوی انڈر پاس کوبھی شامل کیا گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں