بارش ناپنے والا آلہ غیر فعال,حکومت کو غلط روپورٹنگ

 بارش ناپنے والا آلہ غیر فعال,حکومت کو غلط روپورٹنگ

مختلف مقامات پر سمارٹ کون پانی میں رکھنے کی بجائے خشک جگہ پر رکھ کر غلط ریڈنگ ، واسا کی بڑی نااہلی سامنے آ گئی نجی کمپنی کے ایس بی بھی ڈسپوزل سٹیشنز کی مرمت بروقت نہ کرسکی، بارش میں تکنیکی مسائل کو دور کر دیا گیا :ایم ڈی واسا

لاہور (شیخ زین العابدین)تیز بارش میں پانی کی موجودگی کی ریڈنگ دینے والی واسا کی سمارٹ کون کے نتائج پر شک و شبہات پیدا ہوگئے ، شہر میں مختلف مقامات پر سمارٹ کون پانی میں رکھنے کی بجائے خشک جگہ پر رکھ کر غلط ریڈنگ کا انکشاف ہوا، بارشی پانی میں ڈوبے ہوئے اک موریہ پل سے شمالی لاہور اور سنٹرل لاہور میں رابطہ بھی منقطع رہا، نجی کمپنی کے ایس بی بھی ڈسپوزل سٹیشنز کی مرمت بروقت نہ کرسکی۔ تفصیلات کے مطابق بارشی پانی کی موجودگی کی ریڈنگ دینے والی سمارٹ کون غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا، بارشی پانی میں واسا عملے نے سمارٹ کون کا استعمال کرنا چھوڑ دیا، واسا کی سمارٹ کون کو خشک جگہ پر رکھ کر ریڈنگ دی جارہی ہے ، خشک جگہ پر ریڈنگ دینے سے ایپلیکیشن پر علاقہ کلیئر نظر آرہا ہے جبکہ موقع پر علاقہ مکمل طور پر ڈوبا ہوا ہے ، سرکلر روڈ پر دو موریہ پل بارشی پانی سے بھر گیا مگر ریڈنگ کے مطابق وہاں بارشی پانی موجود نہ تھا، بارشی پانی نے ترقیاتی منصوبوں کو بھی ڈبو دیا، سرکلر روڈ پر ایک فٹ سے زیادہ بارشی پانی جمع ہوگیا، ایل ڈی اے اور واسا کی ٹیمیں بارشی پانی کے نکاس کو جلد ممکن بنانے میں ناکام رہیں، ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ اگر کسی مقام پر سمارٹ کون ٹھیک کام نہیں کر رہی تو اس کو ٹھیک کرایا جائے گا،بارش کے دوران جہاں بھی تکنیکی مسائل تھے ،ان کو دور کر دیا گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں