رواں سال ڈینگی کے 61 مصدقہ مریض،2 زیر علاج
لاہور میں 27 کنفرم کیس آئے ، 24گھنٹے میں 360مقامات پر لاروا تلف
لاہور( ہیلتھ رپورٹر) سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے کہا مون سون کے دوران ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاط میں شہری زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں خصوصاً بارش کا پانی رہائشی علاقوں میں نہ جمع ہونے دیں،گزشتہ روز پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کا صرف ایک مریض شہید بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی سے رپورٹ ہوا۔ اس وقت پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 2 مریض داخل ہیں،دوسرا مریض ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج ہے ،رواں سال صوبہ بھر سے ڈینگی کے 61کنفرم کیسزسامنے آئے ،اب تک لاہور سے ڈینگی کے 27کنفرم کیسز سامنے آئے ۔پچھلے 24گھنٹوں میں پنجاب بھر میں 276,557 ان ڈور اور 73,883 آؤٹ ڈور مقامات کو چیک کیا گیا اور360مقامات پر لاروا تلف کیا گیا۔ لاہور میں40,365گھروں اور 6,405 آؤٹ ڈور مقامات کی ڈینگی لاروا کے حوالے سے چیکنگ کی گئی اور ٹوٹل 229 مقامات پر لارواکو تلف کیا گیا۔