448 عمارتیں آگ بجھانے کے آلات کے بغیر

448 عمارتیں آگ بجھانے کے آلات کے بغیر

370 کاروباری مراکز،فیکٹریاں ، رہائشی بلڈنگز کے علاوہ ٹاؤن ہال ،ڈی سی آفس ،کمشنر آفس ،ریونیو بلڈنگ ،زونز و فیلڈدفاتر سمیت 78 سرکاری عمارتیں شامل, فائر سیفٹی کٹس، نوزلز، واٹر باؤزرز، واٹر ہائیڈرنٹس، ایمر جنسی اخراج اور مطلوبہ سیڑھی تک موجود نہیں:سروے ،عمارتوں کا معائنہ جاری:انچارج سول ڈیفنس

لاہور (عمران اکبر )شہر میں 448 عمارتوں میںآگ بجھانے کے آلات نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ان عمارتوں میں بڑے کاروباری مراکز، فیکٹریاں ،رہائشی اور سرکاری بلڈنگز شامل ہیں ،اس مد میں سرکاری عمارتوں کیلئے کروڑوں روپے مختص کئے ہوئے ہیں ۔سول ڈیفنس کے حالیہ 2021کے سروے نے بھانڈا پھوڑ دیا۔ذرائع کے مطابق ٹاؤن ہال ،ڈی سی آفس ،کمشنر آفس ،ریونیو بلڈنگ ،زونز و فیلڈ دفاتر سمیت 78 سرکاری عمارتیں تاحال فائر سیفٹی آلات سے محروم ہیں۔ علاوہ ازیں میگا کمرشل کاروباری مراکز اور رہائشی عمارتوں سے متعلق بھی ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں، 370 مقامات پر آگ بجھانے کے آلات عدم دستیاب ہیں ۔سول ڈیفنس نے 6 ماہ سروے کیا جس میں مجموعی طور پر 448 میگا کمرشل مالز، اپارٹمنٹس اور سرکاری بلڈنگز سامنے آئیں۔ فائر سیفٹی آلات نہ ہونے پر صرف 160 عمارتوں کے مالکان اور انتظامیہ کے چالان کئے گئے ،فائرسیفٹی آلات کی عدم دستیابی پر 10 لاکھ 52 ہزار کے جرمانوں کا دعویٰ کیا گیا ہے ،عمارتوں میں فائر سیفٹی کٹس، نوزلز، واٹر باؤزرز، واٹر ہائیڈرنٹس، ایمر جنسی اخراج اور مطلوبہ سیڑھی تک موجود نہیں ۔ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس کی رپورٹ کے مطابق بھوبتیاں چوک،شاہدرہ، چوبرجی، باغبانپورہ ،بند روڈ، ڈیفنس روڈ،رائے ونڈ روڈ، ایم ایم عالم روڈ ،سگیاں، ملتان روڈ ،راوی روڈ ،ساندہ روڈ، سنگھ پورہ اور دیگر علاقوں میں واقع کاروباری مراکز، فیکٹریوں اور رہائشی عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات نہیں لگائے گئے ۔انچارج سول ڈیفنس عرفان علی کا کہنا ہے شہر میں کمرشل اور رہائشی بلڈنگز کی باقاعدہ انسپکشن کی جا رہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں