مریم کے بیانیہ پر ن لیگ کو شکست ہوئی:اعجاز چودھری

مریم کے بیانیہ پر ن لیگ کو شکست ہوئی:اعجاز چودھری

سنٹرل پنجاب میں 7نشستوں پر کامیابی پر مٹھائی تقسیم ،کارکنوں کے بھنگڑے

لاہور( سیاسی رپورٹرسے )تحریک انصاف کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر اعجازاحمدچودھری نے پارٹی سیکرٹریٹ میں نومنتخب ایم ایل ایز غلام محی الدین دیوان اور چودھری ریاض گجر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاتمام پارٹی تنظیموں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے آزاد کشمیر الیکشن میں پارٹی کی کامیابی کے لئے دن رات کام کیا، مفرور مجرم کی بیٹی مریم صفدر کے ملک دشمن بیانیے کی وجہ سے ن لیگ کو آزاد کشمیر انتخابات میں عبرتناک شکست ہوئی،مریم صفدر مودی کی زبان بول رہی تھیں، وزیراعظم عمران خان کشمیر یوں کے سفیر ہیں آج ان کا بیانیہ درست ثابت ہوا، انتخابات میں دو پارٹی کارکنوں کے شہید ہونے پر دلی دکھ ہوا ،ان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،پیپلزپارٹی کی غنڈہ گردی کے نتیجے میں معصوم جانوں کا ضیاع ہوا جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ادھر پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب سیکرٹریٹ کینال ویو میں سنٹرل پنجاب سے سا ت نشستوں پر کامیابی پر مٹھائی تقسیم کی گئی اور کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ، تقریب میں ایم این ایز ڈاکٹر نوشین حامد معراج، ثوبیہ کمال خاں، ڈاکٹر سیمی بخاری اور دیگر بھی موجود تھے ۔ادھر غلام محی الدین دیوان نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سے سرکاری نتائج موصول کرلئے ، نومنتخب ایم ایل اے نے کہا مسلم لیگ ن کی قسمت میں صرف رونا لکھا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں