نئی یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے ہر ممکن مدد کرینگے : پرویزالٰہی
سپیکر سے چودھری عبدالرحمان کی ملاقات ،نجی یونیورسٹیوں کے مسائل پرتبادلہ خیال
لاہور( سیاسی رپورٹر سے )سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے نجی جامعات کی ایسوسی ایشن کے چیئرمین پروفیسر چودھری عبدالرحمان نے ملاقات کی اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے ۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا اپنے وزارت اعلیٰ کے دورمیں کوشش کی زیادہ سے زیادہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایا جائے ،آئندہ بھی پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں نئی یونیورسٹیوں کے قیام کی حوصلہ افزائی اور ہر ممکن مدد کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا ہماری کوشش ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر میں بھی زیادہ سے زیادہ تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ پنجاب اور پاکستان میں معیاری تعلیم کا مزید فروغ ممکن ہو سکے ۔پروفیسرعبدالرحمان نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا چودھری پرویزالٰہی کی تعلیم دوست پالیسیوں خصوصاً پڑھا لکھا پنجاب کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔