سماج دشمن عناصرکی بیخ کنی کرنا پنجاب پولیس کی ترجیح:آئی جی

  سماج دشمن عناصرکی بیخ کنی کرنا پنجاب پولیس کی ترجیح:آئی جی

اجلاس میں فیٹف کی جانب سے منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے ٹارگٹس کا جائزہ

لاہور (خبر نگار سے )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ سرمائے کے غیر قانونی حصول اور ترسیل سمیت دہشت گردوں کی فنانسنگ کرنے والے سماج دشمن عناصرکی بیخ کنی کرنا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے پنجاب پولیس ، ایف آئی اے اور دیگر قومی اداروں کے ساتھ مل کر کارروائیاں جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ فیٹف کی جانب سے منی لانڈرنگ کے حوالے سے جن اہداف کی نشاندہی کی گئی ہے ،پنجاب پولیس حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق انہیں پورا کرکے عالمی سطح پر پاکستان کو بہتر سے بہتر پوزیشن پر لانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں منی لانڈرنگ سے متعلقہ جرائم کے سدباب کیلئے پنجاب پولیس اور ایف آئی اے کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں فیٹف کی جانب سے منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے دئیے گئے ٹارگٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے ابو بکر خدا بخش نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس اور ایف آئی اے کے مابین انفارمیشن شیئرنگ کے بعددونوں فورسز کی مشترکہ کارروائیاں منی لانڈرنگ میں ملوث مجرمان کے قلع قمع میں تیزی کا باعث بنیں گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں