چائلڈ ہیلتھ انسٹیٹیوٹ کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری
یہ صحت کے شعبہ میں حکومت پنجاب کا لینڈ مارک منصوبہ ہے :سیکرٹری ہیلتھ
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز قائم کردی۔محمد عامر جان کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہور ایکٹ 2021 کے سیکشن(1)3 کے تحت قائم کیا گیا ہے ۔اس ایکٹ کے تحت یہ ادارہ اپنے تمام فرائض ادا کرے گا۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال اس یونیورسٹی کا کانسٹی ٹیوئنٹ ہسپتال ہوگا۔انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو ہی یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا ہے ۔محمد عامر جان نے بتایا کہ اس یونیورسٹی کے ماتحت تین کالجز، کالج آف پیڈیاٹرکس، کالج آف پیڈیاٹرک نرسنگ اور کالج آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز ہوں گے ۔یہ صحت کے شعبہ میں حکومت پنجاب کا لینڈ مارک منصوبہ ہے ۔یہ یونیورسٹی پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی چائلڈ یونیورسٹی ہوگی۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ یہ یونیورسٹی چائلڈ ہیلتھ میں ڈگری دینے والا پہلا ادارہ ہوگا۔اس ایکٹ کے تحت چلڈرن ہسپتال لاہور، انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کی تمام منقولہ، غیر منقولہ جائیداد، حقوق، مفاد اور واجبات ،ذمہ داریاں یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کو منتقل تصور کی جائیں۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔