سکولوں میں ناظرہ قرآن کیلئے انتظامات نامکمل
صوبہ میں 47 ہزار سے زائد سکولوں میں قاری ٹیچرز موجود ہی نہیں ابتدائی طور پر عربی ٹیچرز کو ذمہ داری دی جائیگی :محکمہ سکول ایجوکیشن
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) سکولوں میں قرآن پاک کی ناظرہ لازمی تعلیم کا اعلان کردیا گیا مگر انتظامات موجود نہیں ۔ تفصیل کے مطابق سکولوں میں ناظرہ تعلیم کیلئے اساتذہ ہی موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ دو ہفتے قبل محکمہ سکول ایجوکیشن کے ذیلی ادارے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے ناظرہ قرآن کے حوالے سے نصاب جاری کیا گیا تاہم اس حوالے سے سرکاری سکولوں میں انتظامات نہ ہونے کے برابرہیں۔ پہلی سے پانچویں جماعت کیلئے ناظرہ تعلیم کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ 1999 سے پہلے ایک ہزار سے زائد سکولوں میں قاری ٹیچر زبھرتی کئے گئے تھے جن میں سے اکثرپروموشن نہ ہونے سے سکول چھوڑ گئے ،صوبہ میں 47 ہزار سے زائد سکولوں میں قاری ٹیچرز موجود ہی نہیں ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر عربی ٹیچرز کو ذمہ داری دی جائیگی ، بعد میں نئے ٹیچرز رکھنے کا فیصلہ ہوگا۔