سکیم موڑتاگلبرگ:سگنل فری کوریڈور،ساڑھے 5ارب کا تخمینہ
لمبائی 10 کلومیٹر تجویز،مین بلیوارڈ اقبال ٹاؤن پر ٹریفک سگنل ختم ،4 یوٹرن ،7 پیڈیسٹرین پل تعمیر، 3 پر سائیکل اور موٹر سائیکل عبور کرنے کی سہولت ہو گی پونے گھنٹے کا سفر 20 منٹ میں طے ہوگا،روزانہ 2 لاکھ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں مستفید ہونگی،میٹرو بس اور اورنج ٹرین کو منسلک کیا جائے گا
لاہور (شیخ زین العابدین) ایل ڈی اے نے مزید ایک سگنل فری کوریڈور بنانے کا منصوبہ بنا لیا،سکیم موڑ اقبال ٹاؤن سے گلبرگ جیل روڈ تک 10 کلومیٹر طویل کوریڈور کے لیے 5 ارب 55 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔تفصیل کے مطابق ایل ڈی اے نے سکیم موڑ سے گلبرگ تک سگنل فری کوریڈور کا ڈیزائن بنا لیا۔ ڈیزائن کے مطابق لبرٹی سے آنے والی ٹریفک کو سنٹر پوائنٹ پر ایک رویہ انڈر پاس کے ذریعے راستہ دیا جائے گا، برکت مارکیٹ سے بھیکھے وال موڑ جانے والی سڑک پر فلائی اوور بنایا جائے گا، بھیکھے وال موڑ سے جناح ہسپتال جانے والی ٹریفک کو ایک رویہ انڈر پاس دیا جائے گا، بھیکھے وال موڑ پر دونوں اطراف میں دو لین پر مشتمل فلائی اوورز تعمیر کئے جائیں گے ، مین بلیوارڈ اقبال ٹاؤن پر ٹریفک سگنل ختم کرنے کے لیے 4 پروٹیکٹڈ یوٹرن بنائے جائیں گے ، 10 کلومیٹر طویل کوریڈور پر 7 پیڈیسٹرین پل بنائے جائیں گے جن میں سے 3 پلوں پر سائیکل اور موٹر سائیکل عبور کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی،منصوبہ ایک سال کے عرصہ میں مکمل کیا جائے گا، کوریڈور سے روزانہ 2لاکھ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں مستفید ہونگی۔ کوریڈور سے گلبرگ، کنٹونمنٹ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن ،فیصل ٹاؤن ،مسلم ٹاؤن، ملتان روڈ ، پنجاب یونیورسٹی، جناح ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال کو فائدہ ملے گا،کوریڈور سے 6 سگنل ختم کئے جائینگے ، پونے گھنٹے کا سفر 20 منٹ میں طے ہوگا، منصوبے کی تکمیل سے سالانہ2ارب 21 کروڑ 50 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔واضح رہے کہ قبل ازیں کھاڑک نالے سے شوق چوک کے ذریعے فیروز پور روڈ تک سگنل فری کوریڈور کا بھی اعلان ہو چکا ہے ، دونوں کوریڈورز کے ذریعے میٹرو بس اور اورنج ٹرین کو منسلک کیا جائیگا۔