بارشیں:لیسکو سٹاف،صارفین کو احتیاطی تدابیرکی ہدایت
پولز اور تاروں سے مویشی نہ باندھیں،بچے تنصیبات سے دور رہیں:لیسکو چیف
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے ) مون سون بارشوں کے تازہ سپیل کے پیش نظر چیف ایگزیکٹو لیسکو چودھری محمد امین نے ہدایات جاری کی ہیں کہ بارشوں کے دوران لائن پر کام کرنے والے ملازمین سیفٹی سے متعلق تمام ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کریں۔ 11کے وی لائن پر کام کرنے سے پہلے پرمٹ ٹو ورک اور لائنوں کی دونوں جانب ارتھنگ لازمی کی جائے ۔صارفین ناقص گھریلو وائرنگ کی فوری مرمت اور اندرونی وائرنگ کی مکمل ارتھنگ کرائیں۔ہاتھ، کپڑے یا جوتے گیلے ہونے کی صورت میں بجلی کے سوئچ،تار اور آلات کو نہ چھوئیں،بارش کے دوران ڈور بیل بجاتے ہوئے احتیاط سے کام لیں،بجلی کے تاروں، کھمبوں، ٹرانسفارمرزکے نیچے کھڑے ہونے ،چھونے ،سامان رکھنے اور ان پر کپڑے پھیلانے سے گریز کریں۔کپڑے سکھانے کے لئے دھاتی تار کے بجائے سوت یا پٹ سن کی رسی استعمال کریں،کھمبوں اور تاروں کے ساتھ مویشیوں کو نہ باندھیں،بچوں کو خصوصی تاکید کریں کہ وہ گلی محلوں میں کھیلتے ہوئے بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔