ورکرزویلفیئر سکولوں میں مفت ٹرانسپورٹ بند،48ہزاربچے متاثر

ورکرزویلفیئر سکولوں میں مفت ٹرانسپورٹ بند،48ہزاربچے متاثر

ٹرانسپورٹ نہ ہونے سے بچوں کا ڈراپ آؤٹ بڑھنے کا خدشہ،ووچرز فنڈ دینے کے اعلان پر عملدرآمد نہ ہوسکاعام گاڑیوں کا خرچہ برداشت نہیں کر سکتے :مزدور،بچوں کی حاضریاں دیکھ کر ووچرز فنڈدئیے جائینگے :ڈائریکٹر ایجوکیشن

لاہور(عاطف پرویز سے ) ورکرز ویلفیئر فنڈ نے سکولوں میں مفت ٹرانسپورٹ سروس بند کردی ، 48ہزار بچے متاثر ہونگے ۔ تفصیل کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ایف کی جانب سے اس کے سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کو ٹرانسپورٹ کی مفت سروس فراہم کی جارہی تھی جس کو اچانک بند کردیاگیا ہے ۔ پنجاب بھر میں ڈبلیو ڈبلیو ایف کے 70 سکولوں میں پڑھنے والے 48 ہزار بچے متاثر ہونگے ،مزید برآں سکولوں سے بچوں کا ڈراپ آؤٹ بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ سروس کے بند ہونے پر مزدوروں کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیاگیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس اتنے پیسے نہیں ہوتے کہ وہ عام ٹرانسپورٹ کا خرچہ برداشت کر سکیں،ان حالات میں ان سے مفت ٹرانسپورٹ کی سروس لے لینا زیادتی ہے ۔واضح رہے کہ محکمہ کی جانب سے ٹرانسپورٹ سروس بند کر کے ووچرز فنڈ دینے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم بچوں کو ووچر زبھی نہیں مل رہے ۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر ایجوکیشن ورکرز ویلفیئر فنڈ سجاد اسلم کا کہنا ہے کہ بچوں کو ایک ماہ بعد ووچرز فنڈ ان کی حاضریوں کو دیکھتے ہوئے دئیے جائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں