ناقابل استعمال قرارداتانگرپل کی بحالی کیلئے 90کروڑمختص
فلائی اوور کے بیم اور دیواروں میں شگاف ،سبزی منڈی کے قریب کھوکھلا ہوگیا،کام 6 ماہ میں مکمل ہو گا
لاہور (شیخ زین العابدین)ایل ڈی اے نے 4سال قبل ناقابل استعمال قرار دئیے گئے داتا نگر پل کی بحالی کیلئے 90 کروڑ روپے مختص کر دئیے ۔فلائی اوور کے بیم اور دیواروں میں شگاف پڑ گئے ۔تفصیل کے مطابق شمالی لاہور کا اکلوتا فلائی اوور ،داتا نگر پل زبوں حالی کا شکار ہوگیا،مرمت کا کام نہ ہونے کی وجہ سے سبزی منڈی کے قریب کھوکھلا ہوگیا،پل کے نیچے جگہ پر غیر قانونی قبضہ کرکے گائے اور بھینسوں کے باڑے بن گئے ،قبضہ مافیا نے پختہ تعمیرات کرکے دکانیں بنا لیں، ناقابل استعمال قرار دینے کے بعد پل سے ٹریفک کا گزرنا خطرے سے خالی نہیں ۔ 2017 میں نیسپاک نے پل کو ناقابل استعمال قرار دیا تھا۔داتا نگر پل کے 0.58 کلومیٹر طویل حصے کی بحالی کا کام کیا جائے گا، پل کو گرانے کے بجائے نئے ڈیک مختلف مقامات پر لگائے جائیں گے ،کارپٹنگ کا کام کیا جائے گا،پل کی مرمت و بحالی کا کام6ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ پل کی بحالی کے بعد روزانہ ایک لاکھ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو فائدہ ملے گا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے بھاری ٹریفک گزرے تو محسوس ہوتا ہے کہ جیسے پل ہل رہا ہے ، پل کے نیچے آگ لگنے کے واقعات بھی ہوچکے ہیں،داتا نگر فلائی اوور 33 سال قبل تعمیر کیا گیا۔